موبائل مراکز کی 24گھنٹے نگرانی




ریاض .... وزارت محنت و سماجی فروغ نے واضح کیا ہے کہ وہ غیر ملکیوں کو مواصلات سمیت ایسے کسی بھی شعبے میں کام کرنے کی اجازت نہیں دیگی جو سعودیوں کیلئے مخصوص کردیئے گئے ہیں۔ وزارت نے ٹویٹر کے اپنے اکاﺅنٹ پر کہا ہے کہ ایسے غیر ملکیوں کو گرفتار کیا جارہا ہے جو موبائل مارکیٹ کی100فیصد سعودائزیشن کے فیصلے کی خلاف ورزی کے مرتکب ہورہے ہیں۔ ایسے غیر ملکیوں کو مملکت سے بیدخل کرنے کیلئے پولیس کے حوالے کیا جارہا ہے۔ وزارت نے انتباہ دیا کہ جلد ہی مواصلاتی مراکز میں مستقل بنیادوں پر تفتیشی افسران تعینات کئے جائیں گے۔ وزارت نے مقامی شہریوں سے اپیل کی کہ وہ موبائل مارکیٹ کی سعودائزیشن کی خلاف ورزی کرنے والوں کی بابت 19911پر رابطہ کرکے رپورٹ کریں یا ”معاللرصد“ ایپلی کیشن پر اس سے مطلع کریں۔ریاض کی موبائل مارکیٹ میں سعودی شہریوں نے جمع ہوکر تارکین وطن کیخلاف نعرے بازی کی تھی ۔ انہوں نے شکوہ کیا تھا کہ سعودائزیشن کے فیصلے کے باوجود غیر ملکی کارکن موبائل مارکیٹ میں بیٹھے ہوئے ہیں۔