خروج و عودہ پر جاکر نہ آنےوالوں کا اقامہ جوازات میں جمع کرایا جائے



اقامہ جمع نہ کرانے کی صورت میں ایک ہزار ریال جرمانہ ہوگا ، جوازات کی وضاحت جدہ ( ارسلان ہاشمی ) ایگزٹ ری انٹری پرجانےوالوں کا اقامہ واپس نہ لوٹنے کی صورت میں ادارہ جوازات میں جمع کروانا لازمی ہے ۔ اصل اقامہ جمع نہ کرانے کی صورت میں کفیل پر ایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائیگا ۔ تفصیلات کے مطابق جوازات کے قانون کے مطابق اگر مملکت میں مقیم کوئی بھی غیر ملکی خروج و عودہ پر اپنے ملک جا نے کے بعد مقررہ مدت میں لوٹ کر نہیں آئے تو اسکے کفیل کا فرض ہے کہ وہ اسکی اطلاع محکمہ جوازات کو دے ۔ کفیل اپنے مکفول کا اصل اقامہ جوازات میں جمع کروائے تاکہ جرمانے سے بچا جاسکے ۔ جوازات کی جانب سے ٹویٹر پر پوچھے گئے سوال کی وضاحت کرتے ہوئے ادارے کے ترجمان نے مزید بتایا کہ خروج و عودہ کی مدت ختم ہونے کے 30 دن کے بعداصل اقامہ اور درخواست جس میں یہ وضاحت کی گئی ہو کہ مکفول مملکت سے ایگزٹ ری انٹری ویزے پر گیا جس کی مدت ختم ہوچکی ہے مگر اب وہ لوٹ کر نہیں آئے گا کے ساتھ جمع کرانا لازمی ہے ۔ اصل اقامہ
جمع نہ کرانے پر ایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیاجائیگا جو کفیل کے ذمہ ہو گا ۔ مذکورہ قانون غیر ملکی کارکنوں اور غیر ملکیوں کے زیر کفالت انکے اہل خانہ پر نافد ہے ۔جوازات کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ خروج و عودہ کا مقصد مقررہ مدت میں لوٹ کر مملکت آنا ہے ۔ جو غیر ملکی مقررہ مدت میں واپس نہیں آتے انہیں مملکت میں آئندہ 3 برس کےلئے بلیک لسٹ کر دیا جاتا ہے ۔ ایسے بلیک لسٹ کئے جانے والے کسی ویزے پر 3 برس تک مملکت نہیں آسکتے ۔ واضح رہے گزشتہ برس سے محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے یہ قانون نافذ کیا گیا تھا کہ ایگزٹ ری انٹری ویزے پر سفر کرنے والے اگر واپس نہ لوٹیں تو انہیں مملکت کےلئے بلیک لسٹ کر دیا جائے ۔ اس قانون کا نفاذ مملکت میں قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں پر ہوتا ہے جن میں تارکین وطن کے اہل خانہ بھی شامل ہیں ۔ وہ تارکین اس بلیک لسٹ کے زمرے میں شامل نہیں ہو نگے جن کے کفیلوں نے انکے اقامہ مقررہ مدت کے دوران جوازات میں جمع کروا کر انہیں اپنے سسٹم سے خارج کردیا ہو گا ۔ ایسے افراد جن کے اقامے انکے سسٹم سے خارج کر دیئے گئے ہونگے ان پر جرمانہ عائد ہو گا اور نہ ہی انہیں مملکت کے لئے بلیک لسٹ کیاجائیگا ۔