سعودی اور تارکین طواف کیلئے زمینی مطاف نہ استعمال کریں، انتظامیہ
مکہ مکرمہ..... حرمین شریفین کی انتظامیہ نے سعودی شہریوں اورمقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مطاف کے زمینی صحن کو کم سے کم استعمال کریں ۔ معتمرین خصوصاً معمر ، ضعیف ، مریض اورمعذوروں کو زیادہ سے زیادہ سے موقع دیں۔ آب زم زم کے کنویں کی اصلاح و مرمت کے منصوبے پر جاری کام کی وجہ سے مطاف کا بڑا حصہ بند کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے توجہ دلائی کہ زائرین باب فہد کی جانب سے مطاف میں جانے کا اہتمام کریں اور برقی سیڑھیاں استعمال کریں۔زم زم منصوبہ کے دو حصے ہیں۔ ایک کا تعلق زم زم کی 5پائپ لائنوں کی تنصیب سے ہے۔ یہ مطاف کے مشرقی جانب ہوں گی۔ ان کا مجموعی عرض 8میٹر اور لمبائی 120میٹر ہو گی۔ دوسرے حصے کا تعلق آب زم زم کے کنویں کے اطراف ماحول کو جراثیم کی آلودگی سے پاک و صاف کرنے والے منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے سے ہے۔ یہ منصوبہ 7ماہ کے اندر اندر رمضان سے قبل مکمل ہو جائے گا۔