صارفین چاروں مواصلاتی کمپنیوں کی کارکردگی سے نالاں ہیں، کمیونیکیشن بورڈ
ریاض.... انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن بورڈ نے واضح کیا ہے کہ صارفین مملکت میں کام کرنے والے چاروں مواصلاتی کمپنیوں موبایلی، زین ،ایس ٹی سی اور گو کی کارکردگی سے نالاں ہیں۔موبایلی سے سب سے زیادہ شکایتیں موبائل رابطوں کی بابت کی گئی ہیں جبکہ زین سے زیادہ تر شکایتیں متحرک انٹرنیٹ سروس کے بارے میں کی جا رہی ہیں۔ گو سے زیادہ تر شکایتیں لینڈ لائن ، انٹرنیٹ سروس کے حوالے سے کی گئی ہیں۔ ایس ٹی سی کے خلاف لینڈ لائن کی سروس خراب ہونے کے شکوے کئے جا رہے ہیں۔ کمیونیکیشن بورڈ کا کہنا ہے کہ یہ شکایات 2017ءکی تیسری سہ ماہی کے دوران ریکارڈ پر آئی ہیں۔ بورڈ نے مزید بتایا کہ مذکورہ رپورٹ کمیونیکیشن خدمات کو شفاف بنانے مسابقت کا ماحول صحت مند بنانے ، کارکردگی کو بہتر کرنے اور صارفین کی شکایات پر توجہ دینے کی خاطر جاری کی گئی ہے۔ بورڈ چاہتا ہے کہ صارفین کو یہ احساس رہے کہ ان کی شکایات رائیگاں نہیں جاتیں بلکہ ان پر باقاعدہ کارروائی کی جاتی ہے۔