مسافر خاتون نے اوبر ڈرائیور کے ٹپ بکس سے رقم چوری کرلی
نیویارک سٹی ..... ڈرائیونگ کا کام اچھا بھی ہے اور برا بھی او راس اچھائی اور برائی کا تعلق اس بات پر ہوتا ہے کہ ڈرائیور کو کس قسم کے مسافر ملتے ہیں۔ اچھے مسافروں کیساتھ سفر اچھا رہتا ہے۔ کوئی ذہنی الجھن نہیں ہوتی مگر ڈرائیوروں سے بات کی جائے تو پتہ چلتا ہے کہ انہی مسافروں میں کچھ لوگ انہیں لوٹنے کی بھی کوشش کرتے ہیں اور ٹیکسی ڈرائیوروں کے ساتھ ایسے واقعات دنیا بھر میں ہوتے ہیں۔ اس حوالے سے جاری ہونیوالی تازہ ترین رپورٹ نیویارک سٹی کی ہیٹ۔ جہاں اوبر چلانے والے ایک ڈرائیور کو اس وقت سخت حیرت اور افسوس کا سامنا کرنا پڑا جب اسکی ٹیکسی میں سوار ایک خاتون نے جو اپنے دوستوں کے ساتھ اس کی ٹیکسی میں سفر کررہی تھیں ڈرائیونگ سیٹ کے برابرمیں بنے ہوئے ٹپ بکس میں پڑی رقم چرائی اور پھر ٹیکسی رکتے ہی اپنے دوستوں کے ساتھ بھاگ کھڑی ہوئی۔ ڈرائیور اس عورت کو تو نہیں پکڑ سکا مگر خفیہ کیمروں نے پوری حرکت ریکارڈ کرلی ہے اور پھر پولیس کو اطلاع دیدی گئی مگر اب تک پولیس نے بھی اس میں کوئی خاص دلچسپی نہیں لی ہے ۔ اسکا صرف یہی کہنا ہے کہ وہ معاملے کی چھان بین میں مصروف ہیں مگر ڈرائیور اتنا مایوس ہوچکا ہے کہ اس نے دوبارہ پولیس سے رابطہ ہی نہیں کیا۔ واردات کی وڈیو دو منٹ دورانیہ کی ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ خاتون چور مسافر انتہائی معمولی لباس میں تھی ۔ گاڑی سے اترتے اور بھاگتے وقت میٹر پر نظرآنے والے کرائے کی ادائیگی بھی ضروری نہیں جانی یعنی ڈرائیور اپنی رقم سے محروم تو ہوا ہی کرائے کی رقم بھی اسے نہیں مل سکی۔ نیویارک جیسے شہر میں جہاں ہزاروں جرائم ہوتے ہیں اس قسم کے واقعات بہت کم ریکارڈ کئے جاتے ہیں۔ ڈرائیو رکا کہناہے کہ مسافر کے بھاگ جانے کے بعد جب اس نے ٹپ بکس کو دیکھا تو وہ بالکل خالی تھا اورکچھ نہیں بچا تھا۔