بیٹی کا نکاح 2مردوں سے کردیا


جدہ ... ایک 50سالہ سعودی شہری نے اپنی اکلوتی بیٹی کی شادی بیک وقت 2سعودیوں سے کردی۔ پبلک پراسیکیوشن نے شکایت موصول ہونے پر دلہن کے باپ سے پوچھ گچھ شروع کردی۔ عکاظ اخبار کے مطابق دلہن کے باپ نے پہلے شخص سے اپنی بیٹی کی شادی کی۔ میاں بیوی 2ماہ ایک ساتھ رہے۔ دلہن ملنے ملانے کیلئے اپنے باپ کے گھر آئی اسی دوران اس کا شوہر جدہ سے باہر چلا گیا۔ وہ یہ اطلاع ملنے پر حیرت زدہ رہ گیا کہ اس کی بیوی کسی اور کے نکاح میں چلی گئی ہے اور اب نئے شوہر کے ہمراہ رہ رہی ہے۔ پہلے شوہر نے دوسرے شوہر سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے بتایا کہ میں اس خاتون کا شوہر ہوں جس سے تم نے حال ہی میں شادی کی ہے۔ وہ اب تک میرے نکاح میں ہے۔ اس پر دوسرے شوہر نے کہا کہ جسے تم اپنی بیوی بتا رہے ہو وہ میری بیوی ہے اور میرے ہمراہ گھر میں رہ رہی ہے۔ میں نے رشتہ مانگا تھا باپ نے مجھے بتایا کہ لڑکی کی ابھی تک کہیں شادی نہیں ہوئی۔ پہلے شوہر نے واضح کیا
کہ اس نے طلاق نہیں دی تھی۔ باپ کا کہناہے کہ پہلا شوہر اسکی بیٹی کو طلاق دے چکا تھا اس کے بعد مالی مسائل پیدا ہوئے تو پہلے شوہر نے کہا کہ وہ طلاق نامہ نکلوانا بھول گیا تھا۔ پبلک پراسیکیوشن نے پہلے اور دوسرے شوہر کے نکاح خوانوں کو طلب کرکے پوچھ گچھ کی تو پتہ چلا کہ دونو ںکے نکاح میں تقریباً ایک ماہ کا فرق ہے۔