وادی جن اور ھدا میں کوئی اسرار نہیں، نظر کا دھوکہ ہے، ماہر آثار قدیمہ



الوجہ..... آثار قدیمہ اور جغرافیائی ماہر ترکی القھیدان نے کہا ہے کہ مدینہ منورہ کے اطراف میں وادی بیضاء جو وادی جن سے معروف ہے اور طائف میں ھدا کے مغرب میں گاڑیوں کا الٹی سمت چلنا نظر کے دھوکے کے ضمن میں آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشش ثقل کی مخالف سمت میں حرکت کا گہرائی سے جائزہ لیاگیا۔ وہ وادی بیضاء، ھدا اور عمان میں صلالہ کے قریب مقامات کا متعدد مرتبہ دورہ کرکے جائزہ لے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشش ثقل کی مخالف سمت میں حرکت کا بغور مشاہدہ کرنے کے بعد معلوم ہوا کہ ان مقامات میں کشش ثقل کی کمی نہیں بلکہ یہ چیزیں نظر کے دھوکے کے ضمن میں آتی ہیں۔ ہمیں دیکھنے میں لگتا ہے کہ گاڑی نشیبی علاقے سے اوپر کی جانب سے جارہی ہے حالانکہ یہ جغرافیائی نظر کا دھوکہ ہے۔ جس طرح صحراءمیں مسافر سراب دیکھتا ہے اسی طرح اسے نظر آتا ہے کہ اشیاء مخالف سمیت حرکت کررہی ہیں۔