زیور اور سونے کے خریداروں و دکانداروں پر نئی سرکاری پابندی
جدہ - - - - - وزارت تجارت و سرمایہ کاری نے سونا خریدنے اور فروخت کرنے والو ںپر بل سے متعلق نئی پابندی عائد کر دی۔ عکاظ اخبار نے اس کی تفصیلات دیتے ہوئے واضح کیا کہ سونے اور زیورات کے بل میں خریدار کا نام ، اس کے شناختی کارڈ کا نمبر ، دکان کا نام ، تجارتی معلومات ، لائسنس کا نمبر ، سونے کی تعریف، فی گرام قیمت ، مجموعی قیمت ، پتھر کے قیمتی یا غیر قیمتی ہونے کی وضاحت ، اس کے وزن اور خرید کی تاریخ کا ذکر ضروری ہو گا۔ وزارت تجارت نے کرسٹل کو قیمتی پتھروں کی فہرست سے خارج کر دیا البتہ الماس ، یاقوت، زمرد اور قدرتی موتی کو قیمتی پتھروں میں شامل کیا ہے۔ وزارت تجارت نے اس پابندی سے ایوان ہائے صنعت و تجارت کونسل کو تحریری طور پر مطلع کر دیا ہے۔ کونسل کے معاون سیکریٹری حمود الربعی نے بتایا کہ وزارت تجارت کے ماہرین نے قیمتی پتھروں کا لین دین کرنے والے صارفین کی آگہی کیلئے خصوصی لٹریچر تیار کیا ہے۔ وزارت نے صارفین سے کہا ہے کہ وہ بل ہمیشہ محفوظ رکھیں۔ وزارت نے یہ بھی توجہ دلائی ہے کہ اگر زیور میں جڑے ہوئے ایسے موتیوں کی مقدار جو قیمتی نہ ہوں 5فیصد سے زیادہ ہو گی تو زیور کی قیمت سے منہیٰ کر لی جائے گی۔
