ٹرمپ کے نام ترکی الفیصل کا خط، کھری کھری باتیں



ریاض...سعودی محکمہ خفیہ کے سابق سربراہ شہزادہ ترکی الفیصل نے واضح کیا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے القدس کو غاصب طاقت اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرکے انتخابی فائدہ حاصل کیا ہے۔ صورتحال سے ناجائز فائدہ اٹھایا ہے۔ انہوں نے امریکی صدر کے نام اپنے پیغام میں تحریر کیا ہے کہ آپ کا یہ اقدام سیاسی حیلہ ہے اس سے تشدد کا آتش فشاں بھڑکے گا۔ اسکے نتیجے میں ہنگامے اور خونریزی ہوگی۔ شہزاد ہ ترکی نے امریکی صدر کے نام پیغام میں یہ بھی تحریر کیا کہ آپ کے فیصلے نے اسرائیل کے انتہائی انتہا پسندوں کو فلسطین بھر میں متکبرانہ دعوﺅں کا جواز دیدیا۔ اب وہ آپ کے فیصلے کو بنیاد بناکر فلسطینیوں کو انکے علاقوں سے بھگائیں گے اور عبرانی ریاست کا نظام فلسطینیوں پر تھوپنے کی کوشش کرینگے۔ آپ کے فیصلے نے ایران اور اس کے دہشتگرد پیرو کاروں کو یہ دعویٰ کرنے کا بھی موقع دیدیا کہ فلسطینی حقوق کے حقیقی محافظ وہی ہیں۔