مزید12پیشوں پر غیرملکی کام نہیں کرسکیں گے


ریاض..... وزیر محنت و سماجی بہبود ڈاکٹر علی الغفیص کی زیر صدارت 9 سرکاری اداروں کا خصوصی اجلاس ہوا۔ اس میں 12 پیشوں کی سعودائزیشن کا پروگرام تیار کیاگیا۔ اجلاس بنیادی طور پر سعودائزیشن کی رہنما کمیٹی کا تھا جس میں 12 سرکاری اداروں کو نمائندگی حاصل ہے۔ اس موقع پر نمائندوں نے واضح کیا کہ سرکاری اور نجی اداروں کے درمیان اسٹراٹیجک شراکت کو مضبوط کیا جائے گا۔ نجی اداروں کے تعاون ہی سے سعودی مردو خواتین کو متعلقہ بارہ پیشوں پر تعینات کرانے کا اہتمام ہوگا۔ سعودائزیشن کی رہنما کمیٹی میں داخلہ بلدیات و دیہی امور اور تجارت و سرمایہ کاری کی وزارتوں ، سوشل انشورنس جنرل کارپوریشن، تکنیکی و پیشہ وارانہ تربیت کے اعلیٰ ادارے، چھوٹے اور درمیانے درجے کے اداروں کی کارپوریشن ، فروغ افرادی قوت فنڈ (ہدف) اور سماجی بہبود بینک کے نمائندے شریک تھے۔ شرکاءنے اداروں کی فنڈنگ کے نظا م پر تبادلہ خیال کیا۔ علاوہ ازیں فرنچائز کے سسٹم سے متعلق تجارتی مارکہ کی فنڈنگ کے امکان کا بھی جائزہ لیا گیا۔ روزگار کی فراہمی میں آسانیاں پیدا کرنے اور آن لائن سسٹم کے ذریعے روزگار کے مواقع کی فہرستوں کے اجراء اور سریع رفتار طریقے سے روزگار کے مواقع کے حصول کے طور پر طریقے زیر بحث آئے۔