نقدی اور زیورات چرا کر فراد ہونیوالی بنگلہ دیشی ملازمہ گرفتار


جدہ ( ارسلان ہاشمی ) ریاض پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ مقامی شہری کے گھر سے نقدی اور زیورات چرا کرفرارہونے والی بنگلہ دیشی خادمہ اور اسکے پاکستانی سہولت کار کو گرفتار کر لیا گیا۔ عفیف کمشنری میں مقامی شہری نے رپورٹ درج کرائی تھی کہ اسکی خادمہ 70 ہزار ریا ل مالیت کے سونے کے زیورات اور 16 ہزار ریال نقد چرا کر فرار ہو گئی ۔ اردونیوز کو جاری بیان میں پولیس ترجمان نے مزید کہا کہ رپورٹ درج کرانے کے بعد ریجن میں پولیس پارٹیوں کو الرٹ کر دیا گیا ۔ ابتدائی تحقیقات میں پولیس کو معلوم ہوا کہ خادمہ کے کسی ایشیائی سے روابط تھے ۔ پولیس پارٹی حاصل شدہ معلومات پر کام کرتے ہوئے ملزم تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئی ۔ خادمہ اور اسکے سہولت کار کو گرفتار کر لیا گیا جن کے قبضے سے مسروقہ زیورات بھی برآمد کر لئے گئے ۔ ملزمان کے خلاف چالان درج کرکے انہیں پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا جہاں ان سے مزید تحقیقات جاری ہیں ۔ پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ مملکت میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار بیدار ہیں مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جاتا ہے ۔