سرمایہ جمع کرنے والے افراد اور ویب سائٹس سے ہوشیار رہیں، سرکاری ادارے
ریاض.... وزارت تجارت و سرمایہ کاری مالیاتی منڈی بورڈ اور سعودی عربین مانیٹرنگ اتھارٹی نے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ایک بار پھر توجہ دلائی ہے کہ سرمایہ جمع کرنے والے افراد اور مشکوک ویب سائٹس سے کسی بھی طرح کا لین دین نہ کریں۔ بعض افراد اور کئی ادارے ویب سائٹس کی مدد سے کرنسی کا لین دین چلائے ہوئے ہیں علاوہ ازیں مختلف اسکیموں کیلئے سبز باغ دکھا کر سرمایہ طلب کررہے ہیں ۔ یہ افراد اور ادارے بغیر اجازت نامے کے سرگرم ہیں۔ ان سب کیخلاف قانونی کارروائی ہوگی۔ سعودی سرکاری اداروں نے واضح کیا کہ اس قسم کی سرگرمیوں کیلئے اجازت نامے درکار ہوتے ہیں لہذا جو ادارے ویب سائٹس پر مختلف اسکیموں کیلئے سرمایہ جمع کرنے کی مہم چلائے ہوئے ہیں یا بعض افراد اس کام میں لگے ہوئے ہیں وہ سب بدنیت ہیں۔ اگر ان کی اسکیمیں درست ہوں تو وہ پہلی فرصت میں اجازت نامے حاصل کرکے ہی اس قسم کے کاموں کی شروعات کریں۔ مالیاتی منڈی بورڈ نے توجہ دلائی کہ فاریکس بھی اس میں ملوث ہے اس کیخلاف 3 جہتوں سے کارروائی کی جارہی ہے۔ اول تو اس کی ویب سائٹ کی
بابت عوام کو آگہی فراہم کی جارہی ہے ، لوگوں کو بتایا جارہا ہے کہ اس کے توسط سے سرمایہ کاری خطرات کو دعوت دینا ہے۔ ساما کا تعاون بھی اس سلسلے میں حاصل کیا جارہا ہے۔ سعودی مالیاتی منڈی بورڈ سرکاری اداروں کے ساتھ تال میل پیدا کرکے مبینہ ویب سائٹس یا کمپنیوں کیخلاف کارروائی کرا رہا ہے۔ علاوہ ازیں جن لوگوں کو سرمایہ لگانے کی پیشکش کی جارہی ہے یا جنہیں مارکیٹنگ کیلئے استعمال کیا جارہا ہے ان سے اپیل ہے کہ وہ پہلی فرصت میں بورڈ کو مطلع کریں تاکہ ضروری کارروائی کی جاسکے۔