اہل جدہ نے جمعہ ساحل پر منایا، نئے کورنیش منصوبے سے لطف اٹھایا


جدہ.... جدہ میں سکونت پذیر سعوی شہریوں، مقیم غیر ملکیوں خصوصاً پاک و ہند کے باشندوں نے جمعہ کی چھٹی ساحل پر منائی۔ نئے کورنیش منصوبے سے خوب لطف اٹھایا۔ گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے 29نومبر بدھ کو کورنیش کے نئے منصوبے "Jeddah Water front"کا افتتاح کیا تھا۔ یہ ساڑھے 4کلومیٹر سے زیادہ طویل ہے۔ ایک لاکھ 20ہزار سے زائد شائقین اس سے بیک وقت استفادہ کر سکتے ہیں۔ 2لاکھ 75ہزار مربع میٹر کے سبزہ زار بنائے گئے ہیں۔ 7بڑے بڑے سبزہ زار ہیں۔ تیراکی کے لئے 4ساحل تیا رکئے گئے ہیں۔ ان میں 10ہزار افراد تیراکی کا شوق کر سکتے ہیں۔ خطرناک لہروں کو توڑنے والی رکاوٹیں قائم کی گئی ہیں۔ 5کنٹرول ٹاور قائم کئے گئے ہیں۔ 14ہزار مربع میٹر کا علاقہ سمندری کھیلوں کیلئے مختص کیا گیا ہے۔ 125میٹر طویل ایک جزیرہ اور ماہی گیری کا پلیٹ فارم بنایا گیا ہے۔ سمندر کی سیر کرانے والی کشتیوں کے لئے 2پلیٹ فارم تیار کئے گئے ہیں۔ سعودی عرب میں پیدل چلنے والوں کیلئے طویل ترین پل بھی تعمیر کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں بچوں کے لئے ترقی یافتہ تعلیمی کھیلوں کے 8علاقے بنائے گئے ہیں۔ سائیکلنگ کیلئے دو ٹریک بنائے گئے ہیں۔ 3ہزار گاڑیوں کی پارکنگ کا بندوبست ہے۔ 120
طہارت خانے تعمیر کئے گئے ہیں۔ ان میں روایتی اور اسمارٹ دونوں طرح کے ہیں۔ 125سی سی ٹی وی کیمروں سے مربوط عمارت قائم کئی گئی ہے جو کنٹرول کرے گی۔ 9کلومیٹر کے دائرے میں جدہ واٹر فرنٹ کیلئے صوتی نظام لگایا گیا ہے۔ 4850میٹر طویل سمندری دیوار قائم کی گئی ہے۔ شائقین کیلئے 24اسٹالز لگوائے گئے ہیں۔ 14فوارے ہیں۔ اسمارٹ نشستوں کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ شائقین کی آسانی کیلئے USBکا بھی اہتمام کیا گیاہے۔ برصغیر کے شہریوں نے اردونیوز کو بتایا کہ کورنیش کا نیا منصوبہ صحیح معنوں میں نہایت عمدہ ہے۔ کاش کہ سب لوگ اس سے مسلسل استفادے کی خاطر اس کی حفاظت کریں اور صفائی رکھیں۔