اے ٹی ایم فراڈ میں ہندوستانی ہیکرز ملوث



اسلام آباد... ایف آئی اے نے انکشاف کیا ہے کہ ملک میں اے ٹی ایم اور کریڈٹ کارڈز کے فراڈ میں ہندوستانی ہیکرز ملوث ہیں ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایف آئی اے شکیل درانی نے بتایا کہ کراچی اور مختلف شہروں میں اے ٹی ایمز کی اسکمنگ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ۔ ملزم ثاقب اللہ راولپنڈی کا رہائشی ہے۔ ملزم بین الاقوامی سائبر گینگ سے تعلق رکھتا ہے۔ڈائریکٹر ایف آئی اے نے کہا کہ ہندوستانی ہیکرز نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں اے ٹی ایمز کی تصاویر منگوائیں۔گرفتار ملزم ثاقب ہندوستانی، کنیڈین، امریکن اور نائیجرین ہیکرز سے رابطے میں تھا۔ اسکمنگ فراڈ کے لئے ہندوستانی ہیکرز چین سے مشینیں بنوا کر اسے بھیجتے تھے۔ ملزم پاکستانی ڈیٹا ہند میں موجود اپنے گینگ کو فراہم کرتا تھا۔ یہ گینگ جعلی کریڈٹ کارڈ بھی تیار کرکے رقوم حاصل کرتا ہے۔ ملزمان سوشل میڈیا پر خواتین کی تصاویر شئیر کرنے کی دھمکی بھی دیتے تھے۔خواتین کی وڈیو بنا کر بلیک میل بھی کرنے میں ملوث ہے۔واضح رہے گزشتہ دنوں پاکستان کے مختلف شہروں میں اے ٹی ایم کے ذریعے اسکمنگ سے صارفین کا ڈیٹا چرا کر رقوم چوری کرنے کا انکشاف ہوا جس میں کئی بینک صارفین کو اپنی رقوم سے ہاتھ دھونا پڑا۔