ریاض : لوٹ مار کی وارداتیں کرنیوالا 5رکنی سعودی گروہ گرفتار


12وارداتوں کا اعتراف ، خواتین سے پرس اور راہگیروں کو دھمکا کر نقد رقم اور قیمتی اشیاءچھین لیتے تھے، ترجمان ریاض پولیس جدہ ( ارسلان ہاشمی) ریاض پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ شہر میں لوٹ مارکی وارداتیں کرنے والے 5 رکنی سعودی گروہ کو گرفتار کر لیا گیا ۔ ملزمان نے 12 وارداتوں کا اعتراف کیاہے ان سے مزید تحقیقات جاری ہیں ۔ اردو نیوز کو جاری بیان میں ریجنل پولیس ترجمان نے مزید کہا کہ ریاض پولیس کو لوٹ مار کی متعدد وارداتوں کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں جن میں نامعلوم ملزمان خواتین سے پرس چھیننے کے علاوہ راہ چلتے لوگوں کو ڈرا دھمکا کر ان سے نقد رقم اور قیمتی اشیاءچھین لیتے تھے ۔ ملزمان واردات کے دوران موٹر سائیکل استعمال کیا کرتے تھے ۔ انہیں رنگے ہاتھوں گرفتار کرنے کےلئے خفیہ کے اہلکاروں پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنہو ںنے ان مقامات کی نگرانی شروع کر دی جہاں ملزمان کی موجودگی کا امکان ہو سکتا تھا ۔ پولیس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ان مقاما ت کی نگرانی کے دوران پولیس کو مشکوک افراد دکھائی دیئے جو موٹرسائیکل پرسوار تھے ۔ اہلکاروں نے انہیں روکا مگر انہوں نے فرار ہونے کی کوشش کی جسے ناکام بناتے ہوئے انہیں گرفتار کر لیا جنہو ں نے اپنے دیگر ساتھیوں کے بارے میں بھی پولیس کو مطلع کر دیا۔ گرفتار ملزمان کی تعداد 5 ہے جن کی عمریں 20 سے 30 برس کے درمیان میں ۔ ملزمان کے قبضے سے واردات کے دوران استعمال ہونے والی موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لی گئیں ۔ ابتدائی تحقیقات میں ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ لوٹ کا مال آپس میں تقسیم کیا کرتے تھے ۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ مملکت میں قانون نافذکر نے والے ادارے قانون شکنوں سے بخوبی نمٹنا جانتے ہیں ۔ امن عامہ کو برقرار رکھنے اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کےلئے پولیس اہلکار مکمل فرض شناسی سے اپنے فرائض انجام دیتے ہیں ۔