شاہ سلمان سے اداروں کو منسوب کرنے پر پابندی


ریاض ...باخبر ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ تعلیم اور محنت کی وزارتوں اور سعودی ہلال احمر کو اعلیٰ قیادت نے یہ ہدایت جاری کی ہے کہ ان 19مدارس، مراکز، ہالوں اور پروگراموں کے نام تبدیل کردیئے جائیں جنہیں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے نام سے انکی اجازت کے بغیر منسوب کردیا گیا۔ ذرائع نے عکاظ اخبار کو بتایا کہ اعلیٰ قیادت نے سخت ہدایت دی ہے کہ خادم حرمین شریفین یا مملکت کے کسی بھی فرمانروا یا ولی عہد کا نام کسی بھی سرکاری یا نجی ادارے کو اس وقت تک نہ دیا جائے جب تک کہ خادم حرمین شریفین اسکی اجازت نہ دیدیں۔ ہدایت یہ بھی دی گئی ہے کہ اب تک جن اداروں کو خادم حرمین شریفین سے منسوب کیا گیا ہے اور پہلے سے انکی منظوری نہیں لی گئی تھی ان سب کی فہرست تیار کی جائے۔ ان سب کے نام تبدیل کئے جائیں اور اس حوالے سے کی گئی کارروائی کی رپورٹ پیش کی جائے۔