چولھے اور اوون کی صفائی
چولھے اوراوون کے استعمال کے سلسلے میں سب سے پہلے احتیاط کا درجہ ہے یہ دونوں چیزیں کچن کے مرکزی کردار کی حیثیت رکھتی ہیں . لہذاان کے استعمال میں احتیاط اور صفائی سب سے مقدم ہیں . چولھے سے نکلنے والے شعلے کا رنگ نیلا ہونا چاہیے . اگر گیس یا مٹی کے تیل کے چولھے سے رنگدار شعلے نکلنے لگیں تو اسکا مطلب یہ ہے کہ برنر کی صفائی کی ضرورت ہے . برنر وہ حصہ ہے جہاں سے شعلے نکلتے ہیں لہٰذا برنر کو کھول کر اچھی طرح صاف کرنا چاہیے . چولھے کی ٹائمنگ سیٹ کرتے ہوئے ایک بات کا خیال ضرور رکھیں کہ ٹائمنگ مطلوبہ وقت سے چند منٹ پہلے تک سیٹ کریں تاکہ آپ آسانی کے ساتھ پکنے والی چیز کو دیکھ سکیں اگر اور کسی ہلکے پھلکے رد و بدل کی ضرورت پیش آجائے تو کرنے میں آسانی ہو .
اوون پر استعمال کے دوران داغ دھبے پڑجاتے ہیں . ان داغ دھبوں اور زنگ وغیرہ کو روزانہ صاف کرنے کی ضرورت ہوتی ہے . اس کے لیے ایک کپڑے کو ٹھنڈے پانی میں گیلا کر کے اوون کے اندر رکھ کر دروازہ بند کردیں اور رات بھر اسی حالت میں رہنے دیں . نمی کے باعث چکنائی اور جلے کے داغ نرم ہو جائیں گے اور دوسرے دن تمام داغ دھبے اور زنگ با آسانی صاف ہو جائیں گے . اوون کے اندر چیزوں کو بیک کرنے کے بعد کچھ دیر کے لیے اوون کا دروازہ بند کردیں ایسا کرنے سے اوون کو زنگ نہیں لگتا .