مقامی نوجوان دکھاوے کیلئے گاڑیوں کی منفرد نمبر پلیٹ کا تبادلہ کرنے لگے


عنیزہ.... عنیزہ کے نوجوانوں میں نمود و نمائش کے لئے گاڑیوں کی منفرد نمبر پلیٹ کے تبادلہ کا رواج پھیلتا جا رہا ہے۔ بعض نوجوان اپنے دوستوں سے ان کی گاڑی کی منفرد نمبر پلیٹ عاریتاً لے کر اپنی گاڑی پر لگا کر سیر سپاٹے کیلئے ادھر اُدھر گھوم پھر رہے ہیں۔ محکمہ ٹریفک نے خبردار کیا ہے کہ یہ غیر قانونی عمل ہے۔ اس سے جرائم کا درکھلے گا۔ کوئی بھی شخص اپنی گاڑی کی نمبر پلیٹ کسی کو بھی دینے کا مجاز نہیں۔ محکمہ ٹریفک نے توجہ دلائی کہ ہمارے بعض اہلکاروں کو عنیزہ کی نمبر پلیٹ والی ایک گاڑی پر شبہ ہوا۔ تلاشی لی تو پتہ چلا کہ مقامی نوجوان اپنے کسی دوست کی گاڑی کی نمبر پلیٹ اپنی گاڑی پر لگا کر گھوم رہا ہے۔ متعلقہ گاڑی ضبط کر لی گئی۔ محکمہ نے واضح کیا کہ اس قسم کی سرگرمیوں کے سدباب کیلئے انتہائی سزا تادیبی ادارے سے جاری کرائی جائے گی۔