القدیہ تفریحی منصوبہ ڈزنی ورلڈ سے ڈھائی گنا بڑا ہے
ریاض:خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے القدیہ تفریحی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ کر سعودی عرب میں تفریحی سرگرمیوں کا نیا آغاز کردیا ہے۔ شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی موجودگی میں القدیہ منصوبے کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ سعودی سرمایہ کاری بورڈ نے القدیہ منصوبے کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبہ ریاض کے مغرب میں شہر سے 40کلو میٹر دوری پر واقع ہے۔ یہاں 334مربع کلومیٹر کے رقبے پر عالیشان تفریحی پارک تعمیر ہوگا۔منصوبہ وژن2030کی روح کے مطابق اور اس کی تعبیر ہے۔القدیہ تفریحی پارک ڈزنی ورلڈ سے ڈھائی گنا بڑے رقبے پر اور سینٹرل پارک سے ایک سو گنا بڑا ہوگا۔ 2030ءتک اس میں 17ملین لوگ سیر وتفریح کے لئے آئیں گے۔یہاںعالمی کمپنیاں تفریحی مراکز قائم کریں گی۔ گاڑیوں کی ریس ہوگی۔ پانی اور برف کے کھیلوں کے علاوہ سفاری بھی ہوگی۔ القدیہ ثقافتی سرگرمیاں بھی پیش کرے گا۔القدیہ تفریحی منصوبے کا مقصد دنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ حاصل کرنے کے علاوہ شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو تفریح فراہم کرنا ہے۔ اس منصوبے کے باعث سعودی شہری جو سالانہ کئی بلین ریال بیرون ملک سیاحت پر خرچ کرتے ہیں وہ اس رقم کو اندرون ملک خرچ کریں گے۔