سعودی اسٹاک مارکیٹ میں زبردست گہما گہمی
گزشتہ ہفتے بین الاقوامی مارکیٹوں میں خام تیل کی قیمت زبردست اضافے کے بعد 68.47ڈالر فی بیرل کی طرف جاتی ہوئی دیکھی گئی جبکہ برنٹ آئل کی قیمت 73.48ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔ دوسری طرف آرامکو کی نجکاری کی خبریں بھی گردش کرتی رہیں جو کہ اگلے سال کے اوائل تک متوقع ہے۔ ان مثبت خبروں کے ساتھ سعودی اسٹاک مارکیٹ میں زبردست گہما گہمی دیکھی گئی۔ تداول آل شیئرانڈیکس 4نفسیاتی حدود عبور کرتا ہوا 453.02پوائنٹس کے اضافے کے بعد 8277.14پوائنٹس پر اختتام پذیر ہوا۔ حصص کی خریداری کا رحجان اتنا شدید تھا کہ سارے اشاریے مثبت زون پر بند ہوئے۔ پرائس انڈیکس میں 5.79فیصد کا گرانقدر اضافہ دیکھا گیا۔ سودوں اور حجم میں بالترتیب 7فیصد اور 8فیصد کا اضافہ دیکھا گیا جبکہ کاروباری مالیت 7.4فیصد کے فروغ کے بعد 25ارب ریال تک پہنچ گئی قیمتیں بڑھنے سے سرمایہ کاروں کو 97ارب ریال کا فائدہ ہوا۔ آرامکو نے انرجی سیکٹر میں شامل ہونا ہے۔ اس لئے انرجی سیکٹر کے حصص خاص طور پر سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ اس میں پیٹرورابغ کو سب سے زیادہ پذیرائی ملی۔ واضح رہے کہ پیٹرورابغ بھی آخرکار آرامکو کا ہی حصہ ہے جو آرامکو اور سو میٹومو جاپان کے اشتراک سے قائم ہوئی۔ جس میں عوام کا 25فیصد حصہ ہے۔ پیٹرورابغ کی قیمت پچھلے ہفتے 12.95فیصد اضافے کے بعد 29.39ریال پر بند ہوئی جبکہ پیٹرو رابغ کی قیمت سال کے شروع سے اب تک 78.77فیصد بڑھ چکی ہے۔ امید ہے کہ آرامکو کے آئی پی او آنے تک اس کی قیمت میں مزید اضافہ ہوگا۔ انفرادی کمپنیوں میں سعودی انڈسٹریل انوسٹمنٹ گروپ کو فوقیت حاصل رہی جس کی قیمت 17.57فیصد فروغ کے بعد 26.73ریال تک پہنچ گئی جبکہ نقصان اٹھانے والی کمپنیوں میں نیشنل شپنگ ٹاپ پر رہی جس کی قیمت 3.05فیصد کمی کے بعد 31.10ریال پر بند ہوئی۔سابک کی قیمت 5.10فیصد اضافے کے بعد 122.68ریال پر بند ہوئی۔ گزشتہ ہفتے ڈیویڈنڈ تقسیم کرنے والی کمپنیوں میں بوپا انشورنس ٹاپ پر رہی جس نے 20فیصد کیش ڈیویڈنڈ تقسیم کرنے کا اعلان کیا اور ساتھ ہی کیپیٹل مارکیٹ اتھارٹی کی منظوری کے بعد 50فیصد بونس شیئر بھی دینے کا اعلان کیا۔ گزشتہ ہفتے بوپا انشورنس کی قیمت 8.04فیصد اضافے کے بعد 109.84ریال پر پہنچ گئی۔ اس کی قیمت میں مزید اضافے کے امکانات ہیں۔