خواتین کےلئے ٹریفک قوانین میں کوئی امتیاز نہیں ، ٹریفک پولیس
ریاض..... ڈائریکٹریٹ جنرل ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ خواتین اور مرد ڈرائیور پر ٹریفک قانون کا نفاذیکساں ہو گا ۔ قوانین میں کوئی خاص فرق نہیں ۔ بیشتر نکات یکساں ہیں ۔ جرمانوں کا طریقہ کار بھی وہی ہے جو مردوں کےلئے مقرر ہے ،گاڑی کے شیشوں کو مکمل طورپر سیاہ کرنے پر خاتون ڈرائیوروں پر بھی قانون کی وہی شق نافذ ہو گی جو مردوں کےلئے مختص ہے ۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹویٹر اکاﺅنٹ پر سوال و جواب کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جس میں ڈائریکٹر جنرل ٹریفک پولیس سے استفسارات کئے جاتے ہیں جن کا جواب ٹویٹر پر ہی دیا جاتا ہے ۔ اس حوالے سے ایک شخص نے سوال کیا کہ اگر خاتون ڈرائیور اپنی گاڑی کے شیشوں پر مخصوص پلاسٹک کوڈنگ کرواتی ہے جس سے اند ر دکھائی نہیں دیتا تو اس صورت میں خاتون ڈرائیور پر بھی وہی قانون نافذ ہو گا جو مردوں پر ہے؟ سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ قانون سب کےلئے یکساں ہے ۔ گاڑی کے شیشوں کو اندھا کرنا خلاف قانون ہے۔ اگر اسکی مرتکب خاتون ڈرائیور ہوگی تو اس پر بھی قانون کی گرفت اسی طرح ہو گی جس طرح مرد ڈرائیور وں پر ہوتی ہے ۔ واضح رہے گاڑی کے اگلے شیشوں کو قطعی طور پر سیاہ نہیں کیا جاسکتاجس سے اندر نہ دیکھا جاسکے ۔ فیملی وین ہونے کی صورت میں عقبی شیشوں کو قدرے سیاہ کیا جاسکتا ہے تاہم اگلے شیشوں کی ممانعت وین پر بھی ہوتی ہے اور یہی قانون خواتین ڈرائیوروں پر بھی لاگو ہوتا ہے ۔ ڈائریکٹر جنرل کا کہنا تھا کہ مروجہ ٹریفک قوانین میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ۔ حد رفتار کی پابندی خواتین پر بھی اسی طرح ہو تی ہے جس طرح مردوں پر دیگر قوانین میں یکساں ہیں ۔