جازان : عید الفطر پر آتشبازی کا سامان فروخت کرنیوالوں کی پکڑ
جازان...... جازان پولیس نے عید الفطر کے موقع پر آتشبازی کا سامان فروخت کرنے والوں کی پکڑ دھکڑ شروع کردی۔ تفصیلات کے مطابق جازان ریجن کی تمام کمشنریوں اور تحصیلوں میں آتشبازی فروخت کرنے والوں کے اڈوں پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔ جازان پولیس کے ڈائریکٹر میجر جنرل ناصر القحطانی نے خبردار کیا کہ پکڑ دھکڑ کی مہم جاری رہیگی جو شخص بھی وطن عزیز کے امن و امان اور استحکا م سے کھیلنے کی کوشش کریگا اس کیخلاف آہنی پنجہ استعمال کیا جائیگا۔ اس سے قبل کنگ فہد آئی اسپیشلسٹ اسپتال نے آتشبازی کے حوالے سے خصوصی آگہی مہم شروع کردی۔ وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے ٹویٹر کے اپنے اکاﺅنٹ پر مشورہ دیا کہ وطن عزیز کے بچو! آتشبازی کا سامان نہ خریدو اس سے آپ لوگ زندگی بھر اپنی آنکھوں سے ہاتھ دھو سکتے ہیں۔کنگ خالد اسپتال نے اپنی ویب سائٹ پر آتشبازی فروخت کرنے والوں کے حوالے سے اطلاعاتی نظام کی تفصیلات بھی جاری کی ہیں۔