جدہ: پٹرول اسٹیشنوں کے کارندوں کو لوٹنے والا گرفتار
جدہ۔۔۔۔مکہ مکرمہ ریجن پولیس کے ترجمان کرنل ڈاکٹر عاطی القرشی نے بتایا ہے کہ جدہ کے پٹرول اسٹیشنوں کے غیر ملکی کارکنان کو سپاہی بن کر لوٹنے والا بہروپیہ گرفتار کرلیا گیا۔ غیر ملکی کارکنان نے متعدد پولیس اسٹیشنوں میں رپورٹیں درج کراکر شکوہ کیا تھا کہ ادھیڑ عمر کا ایک سعودی شہری پولیس کے لباس میں ہمارے پاس آتا ہے اور ڈرا دھمکا کر نقدی اور قیمتی اشیاء لیکر چلا جاتا ہے۔ پولیس نے اس کی گرفتاری کیلئے سادہ لباس میں اہلکار تعینات کئے اور بالآخر اسے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔ تحقیقات سے پتہ چلا کہ وہ اس سے پہلے بھی اسی قسم کی وارداتوں میں گرفتار کیا جاچکا ہے۔