رمضان میں جوڑوں کے درد میں مبتلا مریضوں کیلئے ڈاکٹروں کے مشورے
ریاض..... سعودی ڈاکٹر عمر محمد طافش نے واضح کیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران جوڑوں کے درد کا عارضہ روزہ داروں میں بڑھ جاتا ہے۔ بعض لوگ جوڑوں کے درد کو روماٹیزم کا نام دیتے ہیں جو درست نہیں۔ جوڑو ںکے روماٹیزم اور جوڑوں کی سوزش میں فرق کیا جانا چاہئے ڈاکٹر طافش نے توجہ دلائی کہ روماٹیزم کے امراض میں مبتلا جو افراد اینٹی روماٹیزم ادویہ استعمال کررہے ہوں وہ روزہ رکھ سکتے ہیں۔ وہ افطار کے بعد ایک خوراک اور سحری کے بعد ایک خوراک معالج کے مشورے سے لینے پر اکتفا کریں۔ جہاں تک ذیابیطس کے مرض میں مبتلا روماٹیزم کے بیماروں کا تعلق ہے تو روزہ ان کے لئے مفید ثابت ہوگا۔ ڈاکٹر طافش نے مشورہ دیا کہ مریض کھانوں کے سلسلے میں احتیاط برتے ۔ اگر کوئی شخص ہڈیوں کی تکلیف میں مبتلا ہو تو اسے ٹھنڈے مشروبات سے گریز کرنا ہوگا اور اگر جوڑوں میں خشکی کا عارضہ لاحق ہو تو انہیں روغنیات اور مٹھائیوں کے استعمال میں بہت زیادہ احتیاط کرنا پڑیگی وگرنہ انکا وزن بڑھ جائیگا اور جوڑوں کی تکلیف میں بھی اضافہ ہوگا۔ ڈاکٹر طافش نے خبردار کیا کہ رمضان کے روزوں کے دوران سوزش روکنے والی ادویہ استعمال نہ کی جائیں۔ انکے بجائے پیرا سٹامول مادے پر مشتمل ادویہ استعما ل کی جائیں جن سے ہڈیوں کے درد میں کمی واقع ہوتی ہے۔